حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خیبرپختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں پولیس وین پر ہونے والے فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرنے کے ساتھ ساتھ شہید ہونے والے اہلکاروں کی بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردانہ کارروائی میں چھ پولیس اہلکاروں کا شہید ہونا انتہائی تکلیف کا باعث ہے بلاشبہ پولیس اہلکار معاشرے کے تحفظ کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے شہید اہلکاروں کو سلام اور خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک دشمن عناصر کی طرف سے اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم واستقلال کو کبھی متزلزل نہیں کر سکتیں قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے اور ہم اپنے عظیم سپوتوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتے۔ خیبر پختونخواہ حکومت کو چاہیے کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے سفاک قاتل کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔